میٹرک، انٹر امتحانات سے متعلق پنجاب حکومت کا اہم فیصلہ
حکومت پنجاب نے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے امتحانات سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات رمضان المبارک اور عیدالفطر کے بعد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات رمضان المبارک اور عیدالفطر کے بعد لیے جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات 24 مارچ 2026 سے شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل ہی پنجاب بھر میں میٹرک کے طلبا وطالبات کیلئے پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمینز نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے داخلہ شیڈول میں توسیع کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری

نئے اعلامیہ کے مطابق سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 10 دسمبر مقرر کی گئی ہے جو پہلے 27 نومبر تھی، اس طرح طلبہ کو مزید 13 دن کی سہولت مل گئی ہے۔

اسی طرح ڈبل فیس کے ساتھ داخلہ جمع کرانے کی آخری تاریخ 23 دسمبر کر مقرر کی گئی جو پہلے 11 دسمبر تھی جبکہ ٹرپل فیس کے ساتھ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ بڑھا کر 6 جنوری 2026 کر دی گئی جو پہلے 24 دسمبر تھی۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور انہیں بروقت فیس جمع کرانے کا موقع دینا ہے تاکہ کوئی بھی طالبعلم داخلہ جمع کرانے سے محروم نہ رہ جائے۔