جاری کردہ الرٹ میں خبردار کیا گیا کہ اگلے چند روز میں مختلف علاقوں میں حدِ نگاہ شدید متاثر ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ٹریفک، صحت اور روزمرہ سرگرمیوں میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شیخوپورہ، قصور، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، جھنگ، ساہیوال اور لیہ دھند اور سموگ کی شدید لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔
اسی طرح جنوبی پنجاب کے اضلاع کوٹ ادو، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور خانپور میں بھی دھند اور سموگ بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ان علاقوں میں فضا میں آلودگی کے ذرات بڑھنے سے نہ صرف حدِ نگاہ کم ہوگی بلکہ شہریوں کو صحت کے مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بغیر ٹکٹ ریلوے پر سفر کرنیوالوں کیلئے وارننگ
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ضلعی انتظامیہ کو انسدادِ سموگ آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سموگ سانس کی بیماریوں، آنکھوں کی جلن اور دیگر صحت کے مسائل میں اضافہ کر سکتی ہے۔
انہوں نے شہریوں خصوصاً بچوں، بوڑھوں اور کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ماسک کا استعمال بڑھائیں اور کھلی فضا میں رہنے کا دورانیہ کم رکھیں۔