بغیر ٹکٹ ریلوے پر سفر کرنیوالوں کیلئے وارننگ
پاکسان
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اجلاس کی صدارت کی/ فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا اور کرانے والا دونوں جیل جائیں گے۔

وفاقی وزیر کی زیر صدارت اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں آئی جی ریلوے، ایس پی ریلوے راولپنڈی ڈویژن اور ریلوے کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ریلوے سیلونز کے کرایوں میں بڑی کمی کر دی گئی

اجلاس میں ریلوے پولیس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیرِ ریلوے کی ہدایات پر ٹکٹ چیکنگ مہم مزید مؤثر بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اراضی پر برسوں پرانی تجاوزات کا خاتمہ جاری ہے، ریلوے کی ایک ایک انچ زمین کو واگزار کرایا جا رہا ہے۔

دریں اثنا رکن پنجاب اسمبلی بیگم تحسین فواد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ثابت ہو گیا کہ مسلم لیگ (ن) اس ملک کی سب سے بڑی اور عوامی جماعت جو اپنے ہر دور حکومت میں عوام کے اعتماد پر پورا اتری ،ضمنی الیکشن میں جھوٹ، گالم گلوچ، بدتمیزی، بدتہذیبی اور فتنے کی سیاست کو شکست فاش ہوئی۔

رکن پنجاب اسمبلی نے حنیف عباسی کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور گلدستہ بھی پیش کیا۔

 دوسری جانب وزیرِ ریلوے حنیف عباسی کی ہدایت پر ریلوے سیلونز کے کرایوں میں واضح کمی کر دی گئی۔

ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق کراچی سے راولپنڈی کا کرایہ 5 لاکھ روپے سے کم کر کے ایک لاکھ 72 ہزار روپے کر دیا گیا جبکہ کراچی سے لاہور کا کرایہ 4 لاکھ 20 ہزار روپے سے کم کر کے ڈیڑھ لاکھ روپے کر دیا گیا۔ اسی طرح لاہور سے راولپنڈی کا کرایہ ایک لاکھ 5 ہزار روپے سے کم کر کے 44 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

سیلون کی بکنگ ڈویژنل دفاتر سے بھی کی جا سکے گی ، ہیڈ کوارٹرز سے بکنگ کے لیے چیف کمرشل منیجر کے دفتر سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد نہ صرف عوام کو بہترین سفری سہولت فراہم کرنا ہے بلکہ ریلوے کے اضافی وسائل سے آمدن حاصل کرنا بھی ہے۔

ریلوے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ وزیرِاعظم، وزیر ریلوے، چیئرمین ریلوے، ایگزیکٹو افسران اور انسپکٹر جنرل ریلوے کے زیرِ استعمال رہنے والے پانچ لگژری سیلونز اب عام مسافروں کو بھی دستیاب ہوں گے۔

واضح رہے کہ لگژری سیلونز میں اعلیٰ معیار کی نشستیں، بہتر آرام دہ ماحول، ائیر کنڈیشننگ، جدید سہولیات اور پرائیویسی کا خاص خیال رکھا گیا ہے، ان سیلونز کو بالخصوص سرکاری افسران اور وی وی آئی پی شخصیات کے لیے تیار کیا گیا تھا مگر اب عام شہری بھی انہیں استعمال کر سکیں گے۔