نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا کہ محکمہ جیل خانہ جات نے بھی بانی پی ٹی آئی بانی عمران خان کی صحت سے متعلق افواہوں کی تردید کی ہے۔
محکمہ جیل خانہ جات ذرائع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عمران خان جیل میں مکمل طور پر محفوظ اور صحت مند ہیں، ہفتے میں ایک بار عمران خان ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی کرائی جاتی ہے، عمران خان کی صحت اور روزمرہ معمولات میں کوئی مسئلہ نہیں، اس حوالے سوشل میڈیا پر زیر گردش افواہیں میں کوئی صداقت نہیں۔
جیل ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ کہ اڈیالہ جیل کی بیرک کے 6 کمرے عمران خان کے زیر استعمال ہیں جبکہ سابق وزیراعظم کو ٹی وی اور اخبار کی سہولت بھی قوانین کے مطابق میسر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے ملاقات کیلئے اے ٹی سی میں درخواست دائر
جیل خانہ جات ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو ہفتے میں ایک بار باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت ہے، باہر سے دیسی مرغ اور مچھلی منگوائی جاتی ہے۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل میں 300 کیمروں سے سکیورٹی کی جارہی ہے، عمران خان سے ملاقاتیں جیل مینوئل کے مطابق کرائی جاتی ہیں، اڈیالہ جیل کی حدود میں آنے والے ہر شخص کی ملاقات کرائی جاتی ہے تاہم جیل کی حدود سے باہر کے معاملے کی جیل انتظامیہ ذمہ دار نہیں ہے۔
جیل ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ عمران خان سمیت تمام قیدیوں کی ملاقاتوں کا طریقہ کار جیل قوانین کے مطابق ہوتا ہے اور اس میں کسی قسم کی رکاوٹ یا پابندی نہیں لگائی گئی۔