بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان اور سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ نے سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کیلئے ایڈووکیٹ فیصل ملک کی وساطت سے درخواست دائر کی۔
درخواست گزاروں کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 3 دسمبر کو مقرر ہے ، اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی طویل عرصہ سے بھائی سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی۔
درخواست میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے معاملہ پر فیملی کو تشویش لاحق ہے، بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اور فیملی کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے ملاقات کا معاملہ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دھرنا دیدیا
عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے دائر درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کر دیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کل درخواست پر سماعت کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی آٹھویں بار بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہ ملی اور پولیس نے انہیں اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکہ پر ہی روک لیا۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دھرنا دیدیا اور رات گئے تک پارٹی کارکنوں کے ہمراہ اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہے ، بعدازاں اپوزیشن اتحاد سے مشاورت کے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔