وزیراعلیٰ خیبرپختونخواسہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے تاہم پولیس نے انہیں اڈیالہ جانے سے روک دیا جس پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔
میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ آفریدی نے کہا کہ جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی دھرنا جاری رہے گا۔
قبل ازیں انہوں نے کہا کہ ستائیس اکتوبر سے لے کر آج تک نہ عمران خان کی بہنوں کو، نہ ڈاکٹرز ، وکلاء ، سیاسی قیادت کو ان سے ملنے دیا جارہا ہے، ہمارے خدشات بڑھ رہے ہیں، اگر ان کا یہی رویہ رہا تو ہمارے پاس جو آخری راستہ ہے وہ اپنانے پر ہم غور کررہے ہیں اور وہی اپنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اڈیالہ جیل میں عمران خان سے آج کون کون ملاقات کرے گا؟
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک کے مقبول ترین لیڈر سے ایک مہینہ ہوگیا کسی کو ملنے نہیں دیا جارہا ، بین الاقوامی میڈیا سے تشویشناک خبریں آرہی ہیں جس سے عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے یہ جان بوجھ کر خود حالات خراب کرنا چاہ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر عوام نکل آئی اور حالات خراب ہو گئے تو اس کی ذمہ دار پنجاب اور وفاق کی حکومت سمیت جیل سپرنٹنڈنٹ بھی ہونگے، کیوں حالات کو خراب کررہے ہیں کیا مسئلہ ہے کیوں نہیں ملنے دے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ بین الاقوامی میڈیا پر چلنے والی خبروں کو جھوٹا ثابت کریں اور بانی سے ملاقات کی اجازت دیں۔