نادرا نے عوام کیلئے بڑی سہولت متعارف کرا دی
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا)
اب پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق جیسے بنیادی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس گھر بیٹھے حاصل کیے جا سکیں گے/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پنجاب کے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت متعارف کراتے ہوئے اہم سرٹیفکیٹس کے حصول کا عمل مزید آسان بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق اب پیدائش، وفات، نکاح اور طلاق جیسے بنیادی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس گھر بیٹھے حاصل کیے جا سکیں گے، جس سے شہریوں کو یونین کونسلز اور مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نادرا اور محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت پنجاب بھر کی یونین کونسلز میں زندگی کے اہم واقعات کا اندراج اور اس سے متعلق سرٹیفکیٹس کا آن لائن اجرا ممکن ہو جائے گا۔ اس مقصد کے لیے نادرا کی پاک آئی ڈی (Pak-ID) موبائل ایپ استعمال کی جائے گی، جس کے ذریعے شہری چند منٹوں میں اپنی درخواست مکمل کر کے سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سے آسٹریلوی ویزے کا حصول مزید آسان

اس معاہدے پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد اور ڈائریکٹر جنرل نادرا لاہور ریجن فضہ شاہد نے دستخط کیے۔ معاہدے کے بعد یہ نظام فوری طور پر فعال کیے جانے کی توقع ہے، اور تمام یونین کونسلز کو نادرا کے ڈیجیٹل سسٹم سے مربوط کیا جا رہا ہے تاکہ رجسٹریشن ریکارڈ کو مرکزی ڈیٹا بیس کے ساتھ ہم آہنگ بنایا جا سکے۔

اس سے قبل بھی نادرا نے اپنی سروسز میں جدت لاتے ہوئے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل آسان بنایا تھا، جس کے مطابق شہری کسی بھی قریبی مقررہ مرکز میں جا کر بائیو میٹرک ویریفیکیشن مکمل کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں بھی بائیو میٹرک ویریفیکیشن کی سہولت شامل کر دی گئی ہے، جس سے شہریوں کو مرکز پر جانے کی ضرورت کم ہو گئی ہے۔

نادرا حکام کے مطابق یہ جدید سسٹم شہریوں کے قیمتی وقت کی بچت کرے گا اور سرکاری دفاتر میں رش بھی کم ہوگا۔ نئی سہولت کے بعد اب شہری نہ صرف موبائل ایپ کے ذریعے بلکہ نادرا کے کسی بھی قریبی دفتر یا سہولت مرکز سے بھی اپنے سرٹیفکیٹس کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ تمام درخواستیں ڈیجیٹل طریقے سے پراسیس ہوں گی، جس سے شفافیت اور رفتار میں نمایاں اضافہ ہوگا۔