بنوں: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 بھارتی پراکسی خوارج ہلاک
خیبرپختونخو اکے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں نے مشترکہ آپریشن میں مزید 8 بھارتی پراکسی خوارج کو جہنم واصل کردیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) خیبرپختونخو اکے ضلع بنوں میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والوں اداروں نے مشترکہ آپریشن میں مزید 8 بھارتی پراکسی خوارج کو جہنم واصل کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کی موجودگی کی خفیہ معلومات پر بنوں میں مشترکہ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران 8 انڈین پراکسی خوارج جہنم واصل ہوئے، مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، خوارج متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہم آہنگ کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں، خوارج کی نقل و حرکت محدود کرنے اور نیٹ ورک توڑنے کا عمل جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ وژن "عزمِ استحکام" کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری ہیں، پاکستان سے بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کی کامیابی پر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ا ور بھارتی پشت پناہی میں سرگرم آٹھ فتنہ الخوارج کے انجام کو پہنچائے جانے پر جوانوں کے عزم و بہادری کو سلام پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 17 دہشتگرد ہلاک، متعدد زخمی

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خوارج کے خلاف مربوط کارروائیاں قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم منظم دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے،وطنِ عزیز سے بیرونی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ملک کی بقا کے لئے ضروری ہے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔