کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ای چالان صرف کراچی والوں کیلئے ہے، جرمانے کسی صورت کم نہیں ہوں گے، شہرقائد کو بہتر کرنے کیلئے سب کو مل کر چلنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ کی میٹنگ تھی، سندھ میں ڈویژنل بورڈ کو فعال کیا جارہا ہے، کراچی میں ہر جگہ پر سالڈ ویسٹ سسٹم کو بہتر بنایا جائے گا، گھروں سےویسٹ کلیکشن کا سسٹم شروع ہونا چاہیے۔
پی پی پی رہنما نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے نئے صوبے کا شوشہ چھوڑا ہے، ایم کیو ایم ایسے بیانات دے کر خود کو زندہ رکھنا چاہتی ہے، اگر گرمی کا موسم ہوتا تو ہم ان کو ٹھنڈا شربت پلاتے، ان کو ایسی باتیں کرنے دیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو کروڑوں کے جرمانے
صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ شہر میں بلدیات کو با اختیار بنایا جارہا ہے، ایم کیو ایم نے بلدیاتی انتخابات سے راہ فرار کیوں اختیار کی، تحریک انصاف نے پنجاب میں بلدیاتی نظام کا بالکل ہی خاتمہ کردیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ عوامی مطالبے کے پیش نظر سندھ میں ای چالان کے جرمانوں کی رقم میں کمی کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جارہی ہے۔
ذہن نشین رہے کہ کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 25 روز کے دوران 68 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانہ کیے جا چکے ہیں، 27 اکتوبر سے 20 نومبر تک 77 ہزار 785 سے زائد ای چالان جاری کیے گئے۔