کراچی: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو کروڑوں کے جرمانے
کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خودکار کیمروں کا شکنجہ سخت ہو گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خودکار کیمروں کا شکنجہ سخت ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 25 روز کے دوران 68 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانہ ہوئے، 27 اکتوبر سے 20 نومبر تک 77 ہزار 785 سے زائد ای چالان جاری کیے گئے۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ اس دورانیے میں ہیوی ٹریفک کے ایک ہزار 223 ای چالان ہوئے جن میں 89 بسیں، 33 کرینز،59 آئل ٹینکرز، 528 واٹر ٹینکرز، 414 ٹرک اور 100 ڈمپرز شامل ہیں۔

ای چالان سسٹم نے سرکاری گاڑیوں کو بھی نہ بخشا،پولیس موبائلوں کے 133 اور دیگر سرکاری اداروں کی 413 گاڑیاں جرمانہ کی زد میں آئیں۔

رپورٹ کے مطابق سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر سب سے زیادہ 49 کروڑ 41 لاکھ 10 ہزار روپے کے چالان جاری ہوئے، ہیلمٹ نہ پہننے والوں پر 8 کروڑ 32 لاکھ 55 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

اسی طرح اوور اسپیڈنگ پر 2 کروڑ 65 لاکھ 10 ہزار ، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر ایک کروڑ 6 لاکھ 90 ہزار ، ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی پر ایک کروڑ 18 لاکھ 5 ہزار ، فینسی نمبر پلیٹس پر ایک کروڑ 4 لاکھ 70 ہزار کے ای چالان جاری کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی نے مریم نواز کو خط لکھ دیا

حکام کے مطابق کالے شیشوں والی گاڑیوں پر 2 کروڑ 53 لاکھ 50 ہزار روپے اور نو پارکنگ کی خلاف ورزی پر 50 لاکھ 30 ہزار جبکہ سرکاری گاڑیوں کو بھی 54 لاکھ روپے سے زائد کے ای چالان بھیجے گئے۔

ہیوی وہیکلز بھی ایک کروڑ 22 لاکھ روپے کے جرمانوں کی زد میں آئیں جبکہ ٹریکر کی مدد سے ایک ہزار 149 ای چالان جاری کیے گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ای چالان موصول ہونے والے 8 ہزار سے زائد شہریوں نے سہولت سینٹر سے رابطہ کیا، چھ ہزار سے زائد ای چالان شہریوں نے معاف کرائے۔

حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ چھپانے والے شہریوں کے خلاف بھی مقدمات درج ہو سکتے ہیں۔