لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 9 مئی مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے نو مئی کے ایک مقدمہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت منظور کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے نو مئی کو مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمہ میں ضمانت منظور کی اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
فیصلہ سناتے ہوئے فاضل جج نے ریمارکس میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کی بنیاد پر ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت منظور کی ہے، لاہور ہائیکورٹ نے اسی مقدمہ میں سابق سینیٹر اعجاز چودھری کی ضمانت منظور کی، اس مقدمہ میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت بھی اسی بنیاد پر منظور کی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اطلاعات ہیں بشریٰ بی بی کی رہائی کیلئے پیشکش ہوئی ہے، شیر افضل
بعدازاں عدالت نے سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی دیگر تین مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 25 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ رہنما تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف نو مئی ہنگاموں کے سلسلہ میں تھانہ مغلپورہ میں مقدمہ نمبر 1570/23 درج ہے ، ڈاکٹر یاسمین راشد نے جیل سے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔