انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، رانا ثناء اللہ الیکشن کمیشن کے ریڈار پر
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و سینیٹر رانا ثناء اللہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کے ریڈارپر آگئے۔
فائل فوٹو
فیصل آباد: (سنو نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور و سینیٹر رانا ثناء اللہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کے ریڈارپر آگئے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹر راناثناءاللہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 234(3)کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ کو نوٹس جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹر راناثناءاللہ نے فیصل آباد کے صوبائی حلقہ پی پی 116 سے لیگی امیدوار رانا احمد شہریار کی الیکشن مہم میں شرکت کی جسے نیوزچینلز اورسوشل میڈیا پر نشر کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے لیگی رہنما رانا ثناءاللہ کو پچاس ہزار روپے جرمانہ کر دیا، جرمانہ کل تک ادا نہ کرنے کی صورت میں رانا ثناء اللہ کے خلاف الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب کے 13 قومی و صوبائی حلقوں میں ضمنی الیکشن کا میدان 23 نومبر کو سجے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ضمنی الیکشن، انتخابی حلقوں میں سکیورٹی کیلئے فوج طلب

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں قومی اسمبلی کے 6 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی الیکشن ہو گا جبکہ امیدواروں کی انتخابی مہم آج رات کو اختتام پذیر ہو گی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضابطۂ اخلاق کی پابندی سے متعلق ہدایات جاری کردی گئیں۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے گزارش ہے قانون کی مکمل پاسداری کریں ، مزکورہ حلقوں میں 23 نومبر 2025 کو پولنگ کا عمل ہو گا۔