ضمنی الیکشن: انتخابی حلقوں میں سکیورٹی کیلئے فوج طلب
وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کے لیے فوج طلب کر لی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے ضمنی انتخابات میں سکیورٹی کے لیے فوج طلب کر لی۔

ذرائع کے مطابق فوجی دستے الیکشن والے حلقوں میں 22 سے 24 نومبر تک موجود رہیں گے، فوجی جوان ریزرو فورس کے تحت ڈیوٹی سر انجام دیں گے، فوجی جوانوں کی تعداد کا تعین متعلقہ ہوم ڈیپارٹمنٹ اور الیکشن کمیشن کرے گا۔

فوجی جوان حلقے میں انسداد دہشت گردی قانون کے تحت اختیار استعمال کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر کے 13 حلقوں میں ضمنی الیکشن 23 نومبر کو ہو گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں قومی اسمبلی کے 6 جبکہ صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں ضمنی الیکشن ہو گا جبکہ امیدواروں کی انتخابی مہم آج رات کو اختتام پذیر ہو گی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضابطۂ اخلاق کی پابندی سے متعلق ہدایات جاری کردی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے 13 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا میدان سجنے کو تیار

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 96 اور این اے 104 فیصل آباد ، حلقہ این اے 129 لاہور ، این اے 143 ساہیوال اور این اے 185 ڈیری غازی خان پر ضمنی انتخاب ہو ں گے۔

پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 73 سرگودھا، پی پی 87 میانوالی ،پی پی 98 فیصل آباد، پی پی 115 فیصل آباد، پی پی 116 فیصل آباد، پی پی 203 ساہیوال اور پی پی 269 مظفر گڑھ میں بھی 23 نومبر کو ضمنی انتخاب ہو گا۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے گزارش ہے قانون کی مکمل پاسداری کریں ، مزکورہ حلقوں میں 23 نومبر 2025 کو پولنگ کا عمل ہو گا۔