عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کا معاملہ، پی ٹی آئی کا احتجاج پر غور
بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے احتجاجی تحریک کے آغاز پر غور شروع کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے احتجاجی تحریک کے آغاز پر غور شروع کردیا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق بانی تحریک انصاف عمران خان سےملاقات نہ کروانے کے معاملہ پر پی ٹی آئی کی جانب سے دھرنا دینے کے لیے جلد اعلان متوقع ہے۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر ، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور علیمہ خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں موجودہ صورتحال اور بانی سے مسلسل ملاقات نہ کروانے کی صورت میں فوری اسلام آباد مارچ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے مرکزی قیادت کو تیاری مکمل کا اشارہ دے دیا ، مرکزی قیادت کی اسلام آباد مارچ سمیت دیگر آپشنز پر سہیل آفریدی سے گفتگو ہوئی ، ٹیلیفونک کانفرنس کال میں فوری طور پر خیبرپختونخوا کو بند کرنے کی تجویز بھی دی گئی ۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی رہائی، پی ٹی آئی کا احتجاج کے مختلف آپشنز پر غور

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کل جمعرات تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ دھرنے کا اعلان کر سکتے ہیں ، اس ضمن میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کو الرٹ رہنے کی ہدایات دے دیں ۔

قبل ازیں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ تحریک انصاف احتجاج کیلئے مختلف آپشنز پر غور کررہی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے وفاقی حکومت کو اپنا پیغام پہنچانے کے لئے اس بار مؤثر اور سخت راستہ اپنایا جائے گا۔