خبردار ہوشیار! کھانسی کا یہ شربت ہرگز استعمال نہ کریں
cough syrup alert Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ڈرگ کنٹرول پنجاب نے کھانسی کے شربت سمیت مختلف ادویات کے مخصوص بیچز کو سب اسٹینڈرڈ قرار دیتے ہوئے ان کی فروخت فوری روکنے اور انہیں مارکیٹ سے واپس لینے کا حکم جاری کر دیا۔

محکمے نے فارما ڈیلرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کے نام ایک الرٹ جاری کیا ہے جس میں ہدایت کی گئی کہ متعلقہ ادویات کا کوئی بھی بیچ اگر ان کے پاس موجود ہو تو اسے فوراً کمپنی کو واپس کیا جائے۔

جاری کردہ الرٹ میں عوام اور میڈیکل اسٹورز کو خبردار کیا گیا ہے کہ سب اسٹینڈرڈ ثابت ہونے والی ادویات مریضوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں، اس لیے انہیں استعمال کرنے یا فروخت کرنے سے گریز کیا جائے۔

رپورٹس کے مطابق ایریکوف کھانسی کا شربت ان ادویات میں سرفہرست ہے جسے انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے مارکیٹ سے واپس لینے کا حکم دیا گیا ہے، کیونکہ اس کے چند بیچز میں ڈائی ایتھائلین گلائیکول کی مقدار حد سے زیادہ پائی گئی ہے، جو انسانی صحت کیلئے نقصان دہ ہے۔

اس کے علاوہ لورٹاڈین 10 ملی گرام ٹیبلٹ، سیف میڈ 100 ملی لیٹر سیرپ اور کریم کناڈرائین کو بھی ناقص قرار دیا گیا، جن کے استعمال سے مریضوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب سرکاری و نجی اسپتالوں میں نزلہ، زکام، کھانسی، ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ شہری موجودہ موسم میں خصوصی احتیاط برتیں، اگر کسی کو نزلہ یا کھانسی ہو تو وہ ہاتھ ملانے سے گریز کرے، فاصلہ رکھے اور ماسک کا استعمال لازمی اپنائے۔

ماہرین کے مطابق قوتِ مدافعت بڑھانے کیلئے صحت مند غذا، پانی کا مناسب استعمال اور آرام کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر معیاری ادویات سے بچیں اور کسی بھی مشکوک دوا کی فوری اطلاع ڈرگ انسپکشن ٹیم کو دیں، تاکہ شہریوں کی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔