ترجمان بی آئی ایس پی کے مطابق پہلے 24 گھنٹوں کے دوران 30 سے زائد اضلاع میں 5 ہزار 747 مفت موبائل سمز جاری کر دی گئیں، اس اقدام کا مقصد خواتین کے لیے شفاف، باوقار اور براہِ راست مالی رسائی کو یقینی بنانا ہے
پی آئی ایس پی ترجمان نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں بی آئی ایس پی ڈائنامک رجسٹری سینٹرز پر مستحق خواتین کو ان کے سوشل پروٹیکشن والٹس فعال کرنے کے لیے مفت سمز جاری کی جا رہی ہیں، مستقبل میں تمام ادائیگیاں انہی سمز کے ذریعے کی جائیں گی، دوسرے مرحلے کا آغاز 24 نومبر سے 53 اضلاع میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کیلئے اچھی خبر
مستحق خواتین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان سمز کی اسی طرح حفاظت کریں جس طرح وہ اپنے ذاتی سامان کی حفاظت کرتی ہیں۔
حکام کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت ایک کروڑ سے زائد مستحق خواتین کو بالکل مفت سمز فراہم کی جا رہی ہیں، جو نہ صرف ان کو مالی معاونت تک آسان رسائی فراہم کریں گی بلکہ انہیں ڈیجیٹل فنانس کی دنیا سے بھی جوڑیں گی۔
مفت سم کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ کار
اس ڈیجیٹل والٹ کو حاصل کرنے کا طریقہ بھی انتہائی آسان رکھا گیا ہے، مستحق خواتین اپنا اصل شناختی کارڈ اور وہ موبائل فون جسے وہ استعمال کرتی ہیں لے کر قریبی بی آئی ایس پی آفس یا کیمپ سائٹ پر جائیں گی۔
آفس میں موجود عملہ ان کی بائیومیٹرک تصدیق کرے گا، جس کے بعد انہیں بالکل مفت موبائل سم فراہم کی جائے گی، یہی سم ان کے سوشل پروٹیکشن والٹ کے طور پر استعمال ہوگی، جس کے ذریعے وہ اپنی ہر قسط کی مکمل تفصیل بھی دیکھ سکیں گی۔