شیخوپورہ :لیگی رہنما پر تشدد، سابق ایس ایچ او کیخلاف مقدمہ درج
لیگی رہنما رانا ممتاز محمود مون خان
لیگی رہنما رانا ممتاز محمود مون خان تشدد کیس کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد سابق ایس ایچ او کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا/ فائل فوٹو
شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ممتاز محمود مون خان تشدد کیس کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد سابق ایس ایچ او تھانہ صدر انسپکٹر شاہ فیصل کے خلاف 9 مختلف دفعات کے تحت تھانہ بی ڈویژن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ واقعہ کے بعد انسپکٹر شاہ فیصل کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا تھا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر شیخوپورہ کی باغ چوکی میں کرپشن کے الزامات کی شکایت پر ایس ایچ او شاہ فیصل نے تین اہلکاروں کی مدد سے لیگی رہنما رانا ممتاز محمود مون خان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور حوالات میں بند کر دیا۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کے بعد ڈی پی او نے فوری طور پر ایس ایچ او کو معطل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سابق لیگی ایم این اے نوابزادہ مظہر علی خان انتقال کر گئے

بعد ازاں واقعے کی انکوائری ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تین رکنی ٹیم نے کی، جبکہ آر پی او شیخوپورہ رینج نے بھی الگ سے مون خان تشدد کیس کی چھان بین کی۔ انکوائری رپورٹ میں رانا ممتاز محمود مون خان کے الزامات درست ثابت ہونے پر انسپکٹر شاہ فیصل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔