رمضان المبارک، عیدالفطر کی ممکنہ تاریخوں کا اعلان
متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک 2026 اور عیدالفطر کی ممکنہ تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا
متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک 2026 اور عیدالفطر کی ممکنہ تاریخوں کا اعلان کیا گیا/ فائل فوٹو
دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک 2026 اور عیدالفطر کی ممکنہ تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا۔

دبئی کے اسلامک افیئرز اینڈ چیریٹیبل ایکٹیویٹیز ڈیپارٹمنٹ (IACAD) کے ہجری تا گریگورین ڈیٹ کنورژن ٹول کے مطابق، رمضان المبارک کا آغاز 17 سے 19 فروری 2026 کے درمیان متوقع ہے، جب کہ پہلا روزہ جمعرات، 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ کے مطابق، آئی اے سی اے ڈی کے 2026 کیلنڈر کی بنیاد پر رمضان کا اختتام جمعرات، 19 مارچ 2026 کو متوقع ہے۔ تاہم، تمام اسلامی مہینوں کی طرح رمضان المبارک کی مدت 29 یا 30 دن پر مشتمل ہوگی، جس کا انحصار چاند کی رویت پر ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :سعودی شہزادی انتقال کرگئیں

رمضان کے اختتام کے ساتھ ہی عیدالفطر کا آغاز ہوگا، جو روزے کی تکمیل پر منایا جانے والا اسلامی تہوار ہے۔ متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر 2026 بروز جمعہ، 20 مارچ کو متوقع ہے، جو ملک میں سال کے پہلے طویل ویک اینڈ کے آغاز کی علامت بھی بنے گا۔
دبئی کے نجی اسکولوں کا موسمِ بہار کا وقفہ بھی اسی عرصے میں آنے کی توقع ہے۔ ستمبر میں تعلیمی سال شروع کرنے والے نجی سکول 16 مارچ سے 30 مارچ تک چھٹیاں منائیں گے، جبکہ وزارت تعلیم (MOE) کے تحت چلنے والے سکولوں میں 16 مارچ سے 29 مارچ تک بہاری تعطیلات ہوں گی۔ اس اوورلیپ سے خاندانوں کو رمضان اور عید کے آخری دنوں میں اکٹھے وقت گزارنے کا موقع ملے گا، جس سے تہوار کا ماحول مزید خوشگوار اور طویل ہو جائے گا۔

دوسری جانب، متحدہ عرب امارات کی فلکیاتی سوسائٹی نے بھی رمضان المبارک کے آغاز کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مہینہ جمعرات، 19 فروری 2026 سے شروع ہونے کا قوی امکان ہے۔ سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان کے مطابق، رمضان المبارک کے نئے ہلال کا ظہور 17 فروری بروز منگل شام 4 بج کر 1 منٹ پر متوقع ہے، تاہم چاند غروبِ آفتاب کے ایک منٹ بعد ہی غروب ہو جائے گا، جس کے باعث اس شام چاند کا نظر آنا ممکن نہیں ہوگا۔