پنجاب: صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں ہفتہ وار چھٹیوں میں توسیع
پنجاب بھر میں سکولز کے بعد کالجز اور یونیورسٹیوں میں ہفتہ وار چھٹیوں میں توسیع کر دی گئی۔
فائل فوٹو
لاہور: : (سنو نیوز) پنجاب بھر میں سکولز کے بعد کالجز اور یونیورسٹیوں میں ہفتہ وار چھٹیوں میں توسیع کر دی گئی۔

ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے کالجز اور یونیورسٹیوں میں ہفتہ وار چھٹیوں میں توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں کالجز اور یونیورسٹیاں ہفتے میں چار دن کھلیں گی جبکہ جمعہ اور ہفتے کی چھٹی ہو گی، نوٹیفکیشن کا اطلاق صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں پر تاحکم ثانی ہو گا۔

ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے آن لائن کلاسز جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے تعلیمی سلسلہ برقرار رکھنے پر زور دیا ہے، تمام متعلقہ اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈی پی آئی کالجز کو آن لائن تعلیم کیلئے ایس او پیز جاری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب، اسکولوں کیلئے نئے اوقات اور شیڈول کا اعلان

قبل ازیں پنجاب بھر کے سکولوں میں بھی ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے ساتھ جمعہ کی تعطیل کا اعلان کیا تھا جس کا پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

یکم اپریل 2026 کے نوٹیفکیشن کے مطابق جمعہ کے دن تمام اسکولز اگلے احکامات تک بند رہیں گے جبکہ ہفتہ اور اتوار معمول کے ہفتہ وار تعطیلات کے طور پر برقرار رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ نئے اوقات اور شیڈول پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس فیصلے کی تصدیق کی ہے۔