سعودی شہزادی انتقال کرگئیں
سعودی عرب کے شاہی خاندان کی معروف شخصیت، شہزادی وفا بنت بندر بن خالد بن عبدالعزیز آل سعود رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں
سعودی عرب کے شاہی خاندان کی معروف شخصیت، شہزادی وفا بنت بندر بن خالد بن عبدالعزیز آل سعود رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں/ فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شاہی خاندان کی معروف شخصیت، شہزادی وفا بنت بندر بن خالد بن عبدالعزیز آل سعود رضائے الٰہی سے انتقال کر گئیں۔

ایوان شاہی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہزادی وفا بنت بندر بن خالد بن عبدالعزیز آل سعود کی نماز جنازہ مسجد الحرام، مکہ مکرمہ میں بعد از نماز مغرب ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شاہی خاندان کے متعدد ارکان، اعلیٰ سرکاری حکام، علماء کرام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مسجد الحرام کے صحن میں ہزاروں فرزندانِ توحید نے شہزادی کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں پاکستانی خواتین کے لیے نرسنگ ملازمتوں کے مواقع

ایوان شاہی کے مطابق خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سمیت دیگر شاہی شخصیات نے مرحومہ کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہزادی وفا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر و حوصلہ دے۔

شہزادی وفا بنت بندر بن خالد بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی شاہی خاندان کے ممتاز ارکان میں سے تھیں۔ ان کا تعلق شاہ خالد بن عبدالعزیز کے خانوادے سے تھا جو ماضی میں سعودی عرب کے چوتھے فرمانروا رہے۔ شہزادی وفا نے اپنی زندگی میں مختلف سماجی اور فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا۔ وہ خواتین کی تعلیم، فلاحِ عامہ اور انسانی خدمت کے مختلف منصوبوں سے وابستہ رہی ہیں۔

سعودی عرب بھر میں ان کے انتقال پر سوگ کی فضا قائم ہے۔ مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شہزادی وفا ایک باوقار، نیک سیرت اور خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار خاتون تھیں۔