اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ، نئی اسکیموں کا آغاز
Apni Chat Apna Ghar
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت کم آمدنی والے اور مستحق خاندانوں کے لیے نئی اسکیمیں اور باآسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق، پروگرام کے تحت مختصر مدت میں30,600 گھروں کی تعمیر مکمل کی جا چکی ہے جبکہ 1,05,700 خاندانوں کو اپنے گھر بنانے کے لیے قرضے فراہم کیے گئے ہیں۔ جاری تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے69,200 خاندانوں کو دوسری قسط بھی جاری کر دی گئی ہے۔

یہ پروگرام بلا سود قرضے فراہم کرتا ہے جنہیں حاصل کرنے کے لیے کسی پیچیدہ طریقہ کار سے گزرنا نہیں پڑتا۔ ترجمان کے مطابق شہری آسان شرائط پر اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

جن خاندانوں نے1 سے 3 سال کے اندر قرض واپس کر دیا، انہیں 20 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ 4 سے 6 سال میں قرض واپس کرنے والوں کو10 فیصد رعایت ملے گی۔ یہ مراعات شہریوں کو جلد ادائیگی کی ترغیب دینے اور گھر کی ملکیت کو آسان بنانے کے لیے دی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا نے دفاتر بند کرنے کا اعلان کر دیا

مزید سہولت کے لیے اب درخواست دہندگان آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے اپنے گھروں سے ہی اسکیم میں شامل ہو سکتے ہیں جس سے عمل تیز اور شفاف ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق، نئی اسکیمیں اور آن لائن رجسٹریشن کا نظام درمیانے طبقے کے خاندانوں کے لیے گھر حاصل کرنے کو مزید آسان بنائے گا۔

محکمہ ہاؤسنگ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام مزید جدید اقدامات کے ذریعے عوام کو مالی سہولت، محفوظ رہائش اور گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔

سرکاری ویب سائٹ پر اسکیم کی تفصیلات بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔