چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کا باضابطہ آغاز
پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا
پروگرام کے تحت نوجوانوں کو پانچ ماہ کی انٹرن شپ کیساتھ 50 ہزار روپے ماہانہ اسکالرشپ فراہم کی جائے گی/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے چیف منسٹر آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اس پروگرام کا مقصد صوبے کے نوجوان آئی ٹی گریجویٹس کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دینا اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو پانچ ماہ کی انٹرن شپ دی جائے گی، جس کے دوران انہیں 50 ہزار روپے ماہانہ اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف نوجوانوں کو معاشی مدد دینا ہے بلکہ انہیں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ملک کے آئی ٹی سیکٹر میں نمایاں کردار ادا کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی مشکل آسان کر دی

حکومت پنجاب کے ترجمان کے مطابق یہ انٹرن شپ پروگرام خاص طور پر ان آئی ٹی گریجویٹس کے لیے ترتیب دیا گیا ہے جنہوں نے گزشتہ چار سال کے اندر اپنی ڈگری مکمل کی ہے۔ خواہشمند امیدوار آن لائن اپلائی کر کے اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے شرکاء کو سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ڈیٹا اینالٹکس، سائبر سکیورٹی، مصنوعی ذہانت (AI) اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ صوبہ پنجاب کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا حب (IT Hub) بنانے کے لیے مربوط پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی منصوبہ پنجاب کی تاریخ میں ایک گیم چینجر ثابت ہوگا، جو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اور جدید آئی ٹی مہارتیں انہیں دنیا کے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل دور میں کامیاب بنانے کے لیے ضروری ہیں۔ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو صرف نوکریوں تک محدود نہیں رکھنا بلکہ انہیں ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ کی جانب بھی راغب کرنا ہے تاکہ وہ خود کاروبار قائم کر کے دوسروں کے لیے روزگار پیدا کر سکیں۔