ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں اور لائسنس معطلی کا فیصلہ
صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں اور لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانوں اور لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

شہر لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورز ی پر اب لائسنس معطل اور بھاری جرمانے ہوں گے، لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے بھجوائی گئی سمری کی صوبائی کابینہ نے منظور دے دی۔

لاہور میں 25مختلف خلاف ورزیوں پرکم سے کم جرمانہ 2 ہزار روپے مقرر کر دیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ جرمانے 20 ہزار روپے تک ہونگے، ہر خلاف ورزی پر 2سےلیکر 4پوائنٹس کی کٹوتی بھی کی جائے گی جبکہ سالانہ 20 پوائنٹس کی خلاف ورزیوں پر لائسنس 2 ماہ سے ایک سال کیلئے معطل ہو گا۔

موجودہ مختلف خلاف ورزیوں پر 100 سے 500 روپے تک جرمانہ وصول کیا جا رہا ہے، صرف 5خلاف ورزیوں پر عدالتی احکامات پر 2ہزار تک جرمانہ کیا جارہا ہے، نئے قوانین کے مطابق اوورسپیڈنگ پر جرمانہ 2ہزار سے 20 ہزار وصول کیا جائے گا، اوورسپیڈنگ کی خلاف ورزی پر 4 پوائنٹس کی کٹوتی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد میں باضابطہ طور پر ای چالان سسٹم کا آغاز

ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر 2 ہزار سے 15 ہزار روپے تک جرمانہ ہو گا، ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر بھی 4پوائنٹس کی کٹوتی ہو گی، اوور لوڈنگ پر جرمانہ 2 ہزار سے 15ہزار روپے تک ہو گا، اوورلوڈنگ کرنے پر بھی 4پوائنٹس کی کٹوتی کی جائے گی۔

ون وے کی خلاف ورزی پر جرمانہ 2 ہزار سے 15 ہزار روپے تک ہو گا، ون وے کی خلاف ورزی پر بھی 4پوائنٹس کی کٹوتی ہوگی،ریش ڈرائیونگ پر جرمانہ 3 ہزار سے 15 ہزار روپے ہو گا اور 4 پوائنٹس کی کٹوتی ہوگی، پریشر ہارن پر 2 ہزار سے 10 ہزار روپے جرمانہ اور 2 پوائنٹس کی کٹوتی ہوگی۔

ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ قوانین پر عملدرآمد کر کے مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں۔