فیصل آباد میں باضابطہ طور پر ای چالان سسٹم کا آغاز
ٹریفک پولیس نے سیف سٹی اتھارٹی کے تعاون سے جدید ای چالان سسٹم کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا
ٹریفک پولیس نے سیف سٹی اتھارٹی کے تعاون سے جدید ای چالان سسٹم کا باضابطہ طور پر آغاز کیا/ فائل فوٹو
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) ٹریفک پولیس نے سیف سٹی اتھارٹی کے تعاون سے جدید ای چالان سسٹم کا باضابطہ طور پر آغاز کر دیا جس کے تحت اب ٹریفک خلاف ورزیاں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی کے ذریعے خودکار طور پر پکڑی جائیں گی اور چالان براہ راست گھر کے ایڈریس پر موصول ہوگا۔

سیف سٹی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ملک طارق محبوب اور سی ٹی او نثار جاوید رانا نے بتایا کہ سسٹم 6 نومبر کی رات بارہ بجے فعال ہوگیا ہے جس کے بعد سگنل توڑنے، لائن کاٹنے، رفتار سے تجاوز، ہیلمنٹ یا سیٹ بیلٹ نہ پہننے والے ڈرائیورز کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: نمبر پلیٹ نہ لگانے پر اب 20 ہزار روپے کا چالان ہوگا

شہر بھر میں نصب 1430 سیف سٹی اور 495 مانیٹرنگ کیمروں کے ذریعے خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوں گی۔ حکام کے مطابق مقصد جرمانے وصول کرنا نہیں بلکہ شہریوں میں روڈ سیفٹی کا شعور پیدا کرنا ہے۔

ایس ایس پی ملک طارق نے کہا کہ شہری اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن معلومات اپ ڈیٹ کریں کیونکہ فروخت کے باوجود گاڑی اپنے نام پر رہی تو چالان سابقہ مالک کو ہی موصول ہوگا۔

سی ٹی او نثار جاوید نے بتایا کہ ہیلمٹ کے موٹر سائیکل سواروں پر 2 ہزار روپے اور سیٹ بیلٹ نہ لگانے والے ڈرائیوروں پر 500 روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جرمانے نہیں زندگیاں بچانی ہیں۔ایک حادثہ ایک شخص نہیں بلکہ پوری فیملی کو متاثر کرتا ہے۔
سیف سٹی اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پرائیویٹ 4G کیمرے بھی نیٹ ورک سے منسلک کریں تاکہ نگرانی کے نظام مزید مضبوط بنایا جا سکے۔