پنجاب: ہوٹلوں اور شادی ہالز کے خلاف کریک ڈاؤن
hotels
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے متعدد ریستورانوں، کیفے اور شادی ہالوں کے سیلز ریکارڈز ضبط کر لیے ہیں۔

پنجاب ریونیو اتھارٹی نے ٹیکس چوری کے خلاف اپنی مہم کو مزید سخت کر دیا ہے۔ اس مہم کے تحت لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، بہاولپور اور وہاڑی سمیت مختلف شہروں میں معائنے کیے گئے اور متعدد ریستورانوں، کیفے اور شادی ہالوں کے سیلز ریکارڈز ضبط کر لیے گئے۔

پی آر اے حکام کے مطابق معائنے کے دوران کاروباری ریکارڈز کی جانچ پڑتال سے ٹیکس جمع کروانے میں بڑے تضادات سامنے آئے۔ کئی کیسز میں کاروباری اداروں نے گاہکوں سے سیلز ٹیکس وصول کیا مگر اسے سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروایا۔

پی آر اے کے ترجمان نے بتایا کہ جہاں بے ضابطگیاں پائی گئیں وہاں نفاذِ قانون کے افسران نے ریکارڈ ضبط کر لیا اوران کاروباروں کی سسٹم کنیکٹیویٹی معطل کر دی جو سرکاری e-IMS نظام کے دائرے سے باہر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹا ڈیٹا جمع کروانے یا سیلز معلومات چھپانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طلبہ کو کیمبرج کے ٹاپ ان دی ورلڈ ایوارڈ سے نوازا گیا

ترجمان نے مزید کہا کہ صارفین سے ٹیکس وصول کر کے اسے حکومت کے خزانے میں جمع نہ کروانا پی آر اے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر سخت سزائیں عائد کی جا سکتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے پہلے ہی عائد کیے جا چکے ہیں اور پی آر اے اس بات پر پُرعزم ہے کہ شفافیت کو فروغ دیا جائے اور تمام رجسٹرڈ کاروباروں کو e-IMS نظام کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔