کیمبرج نے یہ نتائج کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران جاری کیے جس میں ان طلبہ کی کامیابیوں کا جشن منایا گیا جنہوں نے IGCSE، O Level اور International AS & A Level کے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پورے پاکستان میں 317 طلبہ کو مجموعی طور پر 355 ایوارڈز سے نوازا گیا جن میں 83 ٹاپ اِن دی ورلڈ، 63 ٹاپ اِن کنٹری اور 11 ہائی اچیومنٹ ایوارڈز شامل ہیں جو مختلف مضامین میں غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں دیے گئے۔
صرف سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 106 طلبہ نے 120 ایوارڈ حاصل کیے۔ ان میں سے 26 طلبہ نے عالمی سطح پر سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے جبکہ 53 طلبہ نے اپنے صوبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
آؤٹ اسٹینڈنگ کیمبرج لرنر ایوارڈز دنیا کے 40 سے زائد ممالک کے طلبہ میں علمی برتری کو سراہنے کے لیے دیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے ضلع میں عام تعطیل کا اعلان
کیمبرج پاکستان میں بین الاقوامی تعلیم کی کنٹری ڈائریکٹر، عظمیٰ یوسف، نے طلبہ کی محنت اور ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج نہ صرف طلبہ کی لگن بلکہ اساتذہ، اسکولوں اور خاندانوں کے تعاون کا بھی مظہر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جیسے جیسے ٹیکنالوجی اور جدت تعلیم کو بدل رہی ہیں اس طرح کی کامیابیاں یہ ظاہر کرتی ہیں کہ مضبوط تعلیمی بنیادیں کیسے پُراعتماد اور باصلاحیت مستقبل کے رہنماؤں کی تشکیل کرتی ہیں۔
ایوارڈز میں ان طلبہ کو بھی سراہا گیا جنہوں نے کم مشہور مضامین میں نمایاں کامیابی حاصل کی یا جنہوں نے کئی پرچوں میں اعلیٰ مجموعی نمبر حاصل کر کے ہزاروں عالمی امیدواروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔