آئیسکو: بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی
IESCO
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ بجلی کی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

چوہدری خالد محمود کا کہنا ہے کہ یہ نہ صرف پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے بلکہ یہ ان ایماندار صارفین پر بھی بوجھ ہے جو اپنے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس صورتحال کو کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

چوہدری خالد محمود کے مطابق، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فعال معاونت سے اسلام آباد، راولپنڈی کینٹ، پنڈی سٹی، اٹک، جہلم، چکوال اور ملحقہ علاقوں کے تمام آپریشنل سرکلز میں بجلی چوری کے خلاف کامیاب مہم جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نمبر پلیٹ نہ لگانے پر اب 20 ہزار روپے کا چالان ہوگا

آئیسکو چیف نے مزید بتایا کہ اکتوبر 2025 کے دوران ٹیموں نے 94,000 سے زائد بجلی کے میٹرز کا معائنہ کیا جن میں سے 142 میٹرز میں براہِ راست بجلی کے استعمال اور 16 میں چھیڑ چھاڑ (ٹیمپرنگ) کے شواہد پائے گئے۔ مجموعی طور پر 158 بجلی چوروں پر 1 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 42 افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

چوہدری خالد محمود نے تمام فیلڈ فارمیشنز کو سخت ہدایات جاری کیں کہ بجلی چوری کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو بھی بجلی چوری کی اجازت نہیں دیں گے۔