سندھ کے ضلع میں عام تعطیل کا اعلان
Sindh holiday
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) سید اصغرعلی شاہ المعروف سخی جام داتار کے 754ویں سالانہ عرس کے موقع پرمقامی عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

شہید بے نظیر آباد کے ڈپٹی کمشنرعبدالصمد نظامانی نے اعلان کیا ہے کہ 17 نومبر 2025 (بروز پیر) کو ضلع میں سید اصغر علی شاہ المعروف سخی جام داتار کے 754ویں سالانہ عرس کے موقع پر مقامی عام تعطیل ہوگی۔

ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اس روز ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور عوامی محکمے بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے پاسپورٹ ہولڈرز کراچی سے بیرونِ ملک سفر نہیں کر سکیں گے

سخی جام داتار کا تین روزہ سالانہ عرس 17 سے 19 نومبر تک جام صاحب ٹاؤن میں منعقد ہوگا جس میں سندھ بھر اور ملک کے دیگر حصوں سے زائرین اور عقیدت مند شرکت کریں گے۔

سخی جام داتار کا سالانہ عرس اس خطے کے نمایاں روحانی اجتماعات میں سے ایک ہے جس میں مذہبی رسومات، صوفیانہ موسیقی اور لنگر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے عرس کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دے دی ہے تاکہ تقریبات بخوبی اور پُرامن طریقے سے منعقد کی جا سکیں۔