خیبرپختونخوا کے نئے کابینہ ارکان نے حلف اٹھا لیا
خیبرپختونخوا کی 13 ارکان پر مشتمل نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔
فوٹو سکرین گریب
پشاور: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا کی 13 ارکان پر مشتمل نئی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔

گورنرہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کی نئی 13 رکنی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کابینہ ارکان سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور دیگر حکام شریک ہوئے، اسپیکرصوبائی اسمبلی بابرسلیم سواتی، چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا نے تقریب میں شرکت کی۔

خیبرپختونخوا کی نئی 13 رکنی کابینہ 10 وزراء، 2 مشیران اور ایک معاون خصوصی پر مشتمل ہے، کابینہ کے ارکان کا انتخاب پارٹی قیادت اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے کیا گیا تاکہ حکومت کے مختلف محاذوں پر توازن برقرار رکھا جا سکے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کابینہ میں مینا خان اور خلیق الرحمان کو بطور وزیر شامل کیا گیا ہے جبکہ فضل شکور، ڈاکٹر امجد اور ارشد ایواب کو بھی اہم قلمدان سونپے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کی نئی کابینہ تشکیل، سمری گورنر کو ارسال

اسی طرح ریاض خان، آفتاب عالم، فخر جہان، فیصل ترکئی اور عاقب اللہ بھی کابینہ کے مستقل رکن ہوں گے، معیشت اور پالیسی سازی کے حوالے سے مزمل اسلم کو خصوصی حیثیت دی گئی ہے جو حکومت کی مالی پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے معاملات کو دیکھیں گے۔

علاوہ ازیں تاج محمد اور شفیع اللہ جان کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے تاکہ مختلف اضلاع اور جماعتی حلقوں کی نمائندگی ممکن بنائی جا سکے۔

یاد رہے کہ منگل کے روز پارٹی رہنماؤں اور اہلخانہ سے ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پیغام بھجوایا تھا کہ سہیل آفریدی کو اپنی مرضی کی کابینہ تشکیل دینے کا اختیار ہے۔