بجلی صارفین کیلئے خوشخبری، فی یونٹ قیمت میں کمی کا امکان
ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں معمولی کمی کا امکان ہے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز)ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں معمولی کمی کا امکان ہے۔

نیپرا کے مطابق ڈسکوز کی جانب سے ستمبر کے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے دائر درخواست پر نیپرا ہیڈ کوارٹر میں عوامی سماعت مکمل ہو گئی، عوامی سماعت ممبر لاء آمنہ احمد کی زیر صدارت ہوئی۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ عوامی سماعت میں سی پی پی اے جی کے عہدے دار، بزنس کمیونٹی، وزارت توانائی کے نمائندوں، صحافی حضرات اور عوام نےبھر پور شرکت کی۔

نیپرا کے مطابق سی پی پی اے جی نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں تقریباً 37 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست جمع کروائی تھی، اس کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لئے ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کو ایک اور ہائی وولٹیج جھٹکا دینے کی تیاری

سی پی پی اے جی کے مطابق کمی کا اطلاق ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن ،پروٹیکٹڈ صارفین ،پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز پر ہو گا۔

نیپرا کی جانب سے بتایا کہ اتھارٹی نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی آراء کو تسلی سے سنا ہے، اتھارٹی ڈیٹا کی مزید جانچ پڑتال کے بعد اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی۔

ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے ایندھن کی عالمی قیمتوں میں اُتار چڑھاؤ اور جنریشن مکس میں ہونے والی تبدیلیوں پر منحصر ہے،عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتیں کم ہونے پر صارفین اپنے بلوں میں کمی کا فائدہ بھی اُٹھاتے ہیں۔