بجلی صارفین کو ایک اور ہائی وولٹیج جھٹکا دینے کی تیاری
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا ) میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق درخواست جمع کرا دی گئی ، نیپرا 6 نومبر کو درخواست پر سماعت کرے گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بجلی کمپنیوں نے کیپسٹی پیمنٹس، آپریشن اینڈ مینٹی ننس کاسٹ اور بجلی لاسز کی مد میں نرخوں میں اضافے کی استدعا کی ہے، قیمتوں میں اضافے سے ملک بھر کے صارفین پر 8 ارب 41 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 14 اکتوبر کو بھی بجلی کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کیا گیا تھا، نیپرا کی جانب سے اگست کے لیے بجلی 8 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی صارفین کو ایک اور جھٹکا، فی یونٹ قیمت میں اضافہ

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق بجلی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہو گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین سے اضافی وصولی اکتوبر کے بلوں میں کی جائے گی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )نے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔

نیپرا نے سی پی پی اے کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 14 اکتوبر کو سنا یا گیا تھا۔