
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے اگست کے لیے بجلی 8 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق بجلی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہو گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین سے اضافی وصولی اکتوبر کے بلوں میں کی جائے گی، سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے )نے اگست کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔
سی پی پی اے کی جانب سے نیپرا میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ اگست کے دوران ڈسکوز کو 102.94 ارب یونٹ بجلی فراہم کی گئی جبکہ مجموعی لاگت 7.31 روپے فی یونٹ کے بجائے 7.50 روپے فی یونٹ رہی۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی ایک ماہ کیلئے مزید مہنگی ہونے کا امکان
اعداد و شمار کے مطابق اگست میں مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 12.01 روپے فی یونٹ رہی جبکہ درآمدی کوئلے سے لاگت بڑھ کر 14.07 روپے فی یونٹ تک پہنچ گئی۔
اسی طرح فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 33 روپے فی یونٹ، گیس سے 13.43 روپے فی یونٹ اور ایل این جی سے 21.73 روپے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق ایران سے درآمد ہونے والی بجلی کی لاگت سب سے زیادہ یعنی 41 روپے فی یونٹ رہی جبکہ بگاس سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 9.87 روپے فی یونٹ رہی۔
نیپرا نے سی پی پی اے کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا۔



