بجلی ایک ماہ کیلئے مزید مہنگی ہونے کا امکان
Electricity price hike Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک میں بجلی ایک ماہ کیلئے مہنگی ہونے کا امکان ہے، نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر اگست میں بجلی کی پیداواری لاگت پر سماعت آج کرے گا۔

ملک میں مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے ایک اور جھٹکا، بجلی ایک ماہ کیلئے مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) آج سی پی پی اے کی درخواست پر سماعت کرے گی جس میں اگست کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر غور ہوگا۔

ذرائع کے مطابق سی پی پی اے نے فی یونٹ 19 پیسے اضافہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ اگست کے دوران ڈسکوز کو 102.94 ارب یونٹ بجلی فراہم کی گئی جبکہ مجموعی لاگت 7.31 روپے فی یونٹ کے بجائے 7.50 روپے فی یونٹ رہی۔

اعداد و شمار کے مطابق اگست میں مقامی کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 12.01 روپے فی یونٹ رہی جبکہ درآمدی کوئلے سے لاگت بڑھ کر 14.07 روپے فی یونٹ تک پہنچ گئی۔

اسی طرح فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 33 روپے فی یونٹ، گیس سے 13.43 روپے فی یونٹ اور ایل این جی سے 21.73 روپے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔

حکام کے مطابق ایران سے درآمد ہونے والی بجلی کی لاگت سب سے زیادہ یعنی 41 روپے فی یونٹ رہی جبکہ بگاس سے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 9.87 روپے فی یونٹ رہی۔

توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نیپرا نے سی پی پی اے کی درخواست منظور کر لی تو اگلے ماہ عوام کو بجلی کے بلوں میں مزید بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔ مہنگے ایندھن پر انحصار بجلی کی لاگت میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔