اندرون لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تجویز، پلان حکومت کو پیش
انتظامیہ نے اندرون لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تجویز کا پلان صوبائی حکومت کے ساتھ شیئر کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز ) انتظامیہ نے اندرون لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تجویز کا پلان صوبائی حکومت کے ساتھ شیئر کردیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرِ صدارت اہم اجلاس جس میں بسنت فیسٹیول اندرون لاہور کے علاقوں شاہی قلعہ، موچی گیٹ، بھاٹی گیٹ اور رنگ محل تک محدود رکھنے کی تجویز پیش کی گئی، بسنت کے لیے انتظامیہ نے محفوظ بسنت پلان تیار کر کے حکومت کو پیش کیا۔

محفوظ بسنت پلان میں تجویز دی گئی ہے کہ تیز دھاتی، نائیلون اور کیمیکل ڈور کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی، صرف کپاس یا نشاستے سے تیار شدہ ڈور کے استعمال کی اجازت ہوگی۔

تجویز کے مطابق ڈور اور پتنگوں پر بار کوڈ لازمی قرار دینا ہو گا، غیر رجسٹرڈ پتنگ فروشوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، غیر محفوظ شدہ ڈور بنانے اور فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت نے مذہبی جماعت پر پابندی کی سفارش کر دی

محفوظ بسنت پلان کے مطابق بسنت والے علاقوں میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر مکمل پابندی تجویز کی گئی ہے، موٹر سائیکل سواروں کے لیے سیفٹی اینٹینا اور گلے کے کور لازمی ہوں گے، مرکزی شاہراہوں پر سیفٹی نیٹس اور وائر پروٹیکشن سسٹم نصب کیا جائے گا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دی گئی یہ تجویز اب حکومت کے پاس ہے اور حتمی منظوری کے بعد ہی بسنت فیسٹیول کی محدود پیمانے پر اجازت کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پنجاب میں آخری مرتبہ بسنت کا تہوار 2009 میں اس وقت منایا گیا تھا جب صوبے میں گورنر راج نافذ تھا۔