شاہ محمود قریشی پر درج مقدمات کی تفصیل سامنے آگئی
 وائس چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر درج مقدمات کی تفصیل سامنے آگئی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وائس چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر درج مقدمات کی تفصیل سامنے آگئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے سابق وزیر خارجہ کی صاحبزادی مہر بانو قریشی کی درخواست پر سماعت کی۔

اسلام آباد پولیس کے ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ عدالت میں رپورٹ لے کر پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے کوئی بھی پیش نہ ہوسکا۔

سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی پر درج مقدمات کی تفصیل عدالت میں پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سابق وزیر خارجہ کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 17 مقدمات درج ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اعجاز چودھری کی ضمانت کی درخواستوں پر بڑی پیشرفت

رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شاہ محمودقریشی کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں17 مقدمات مختلف دفعات کے تحت درج ہیں۔

پراسیکیوشن کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمہ بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔

بعدازاں عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی عدم دستیابی کے باعث شاہ محمود قریشی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے دائر درخواست پر مزید سماعت ملتوی کر دی۔