وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کی خبریں زیر گردش
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کیے جانے کی خبریں گردش کرنے لگیں۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: ( سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو تبدیل کیے جانے کی خبریں گردش کرنے لگیں۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی جگہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق علیمہ خان اور علی امین گنڈا پور میں کئی دنوں سے سرد جنگ جاری تھی، علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران علیمہ خان کی شکایت کی تھی جبکہ علیمہ خان نے بھی عمران خان کے سامنے علی امین گنڈاپور کی شکایات کا انبار لگایا تھا۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے صوبے کے حکومتی امور اور پارٹی معاملات پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران کا عدالت پیش ہونے سے انکار

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہٹائے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، یہ تمام افواہیں پارٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا کر پارٹی کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہم اس کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی بکھیرنے والی سازشوں کا مقصد داخلی انتشار پیدا کرنا ہے، ہم ہر قسم کے حالات میں متحد رہیں گے، علی امین گنڈاپور ہی ہمارے وزیراعلیٰ ہیں، ان کے خلاف پھیلائی جانے والی افواہیں قطعی طور پر بے بنیاد ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پارٹی کو تقسیم کرنے والی ہر کوشش کا ڈٹ کر اور مؤثر جواب دیا جائے گا، ہم ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے، سچائی اور تنظیمی یکجہتی کے دفاع کے لیے ہم ہر فورم پر اپنا مؤقف واضح کریں گے، انتشار پھیلانے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔