
اب شہریوں کو نادرا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ وہ اپنے اسمارٹ فون کے ذریعے شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، فیس ادا کر سکتے ہیں اور درخواست کی پیش رفت بھی خود ملاحظہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان نادرا کے مطابق گزشتہ سہ ماہی میں 12 لاکھ سے زائد درخواستیں پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے جمع کرائی گئیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ عوام اس سروس پر بھرپور اعتماد کر رہے ہیں۔ اس عرصے میں ڈیجیٹل درخواستوں میں 45 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ روزانہ اوسطاً 10 ہزار سے زائد کیسز اس ایپ کے ذریعے نمٹائے جا رہے ہیں، جو نادرا کے کل کام کا تقریباً دس فیصد بنتا ہے۔
واضح رہے کہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے صارفین نہ صرف اپائنٹمنٹ بُک کر سکتے ہیں بلکہ قریبی نادرا مرکز کی لوکیشن، متوقع انتظار کا وقت اور مطلوبہ دستاویزات سے متعلق معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ صارفین اپنی شناختی دستاویزات کی ڈیجیٹل نقول محفوظ کر سکتے ہیں، جو انہیں دوبارہ کاغذات جمع کرانے کے جھنجھٹ سے بچاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:نادرا کا اوورسیز پاکستانیوں کی آسانی کیلئے بڑا اقدام
یہ ایپ پاکستان کے بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم سے بھی منسلک ہے، جس کے ذریعے شہری راست، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ، ای ایم آئی اور انٹرنیٹ بینکنگ کے ذریعے نقدی کے بغیر فیس ادا کر سکتے ہیں۔
پاک آئی ڈی موبائل ایپ انگلش اور اردو دونوں زبانوں میں دستیاب ہے اور اینڈرائیڈ و آئی او ایس صارفین کیلئے مکمل فعال ہے۔ ایک کروڑ سے زائد ڈاؤن لوڈز اور 4.8 اسٹار ریٹنگ کے ساتھ یہ ایپ پاکستان کی سب سے قابلِ اعتماد عوامی سروس ایپس میں شمار ہوتی ہے۔
نادرا کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ آنے والے مہینوں میں ایپ میں گھر بیٹھے بائیومیٹرک تصدیق، مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی رہنمائی، ڈیجیٹل شناختی والٹ اور اسمارٹ نوٹیفکیشنز جیسی جدید سہولیات بھی شامل کی جائیں گی، جو پاکستان کو مکمل ڈیجیٹل شناختی نظام کی منزل کے مزید قریب لے جائیں گی۔



