
رپورٹس کے مطابق کینیڈا، اٹلی، بحرین اور اردن میں پاکستانی سفارتخانوں کے اندر نادرا کے کاؤنٹرز باقاعدہ طور پر فعال کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان نادرا کے مطابق کینیڈا کے دو بڑے شہروں مونٹریال اور وینکوور میں نادرا کاؤنٹرز کا آغاز کیا جا چکا ہے، جہاں پاکستانی شہری شناختی کارڈ، نائیکوپ اور دیگر دستاویزات سے متعلق خدمات آسانی سے حاصل کر سکیں گے۔
اٹلی کے شہر میلان میں بھی نادرا کاؤنٹر کا افتتاح کر دیا گیا ہے، جس سے وہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو بڑی سہولت میسر آئے گی۔
اسی طرح بحرین کے دارالحکومت مناما اور اردن کے شہر عمان میں بھی نادرا کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے، جہاں نادرا کے تربیت یافتہ اہلکار پاکستانی شہریوں کی رہنمائی اور فوری سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب ای-ٹیکسی اسکیم کیلئے درخواستوں کا عمل مکمل
ترجمان نے مزید بتایا کہ بیرون ملک مجموعی طور پر پانچ نئے نادرا کاؤنٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، جبکہ اگلے مرحلے میں اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی ایک نیا کاؤنٹر قائم کیا جائے گا تاکہ مزید پاکستانی شہری نادرا کی خدمات سے مستفید ہو سکیں۔
واضح رہے کہ یہ اقدام نادرا کی اُس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں، تاکہ انہیں پاکستان آنے کی ضرورت نہ پڑے اور وہ اپنے ضروری شناختی امور باآسانی نمٹا سکیں۔



