بحیرہ عرب میں سمندری طوفان شکتی شدت اختیار کر گیا
سمندری طوفان شکتی شمال مغربی بحیرۂ عرب میں شدت اختیار کر گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سمندری طوفان شکتی شمال مغربی بحیرۂ عرب میں شدت اختیار کر گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان "شکتی" کراچی سے تقریباً 800 کلومیٹر جنوب مغرب میں موجود ہے، طوفان 6 اکتوبر تک جنوب مغرب کی جانب بڑھے گا بعد ازاں طوفان مغرب سے مشرق کی سمت مڑے گا اور کمزور ہو جائے گا۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں آج ہلکی بارش کا امکان ہے، سمندری لہریں انتہائی بلند جبکہ 40 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔

بحیرہ عرب میں سمندری حالات انتہائی طغیانی کی شکار ہیں، آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی اور وسطی بحیرہ عرب میں بلند و شدید لہروں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران ہوا کی رفتار 135 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ5 سے 7 اکتوبر کے دوران سمندر میں لہریں انتہائی بلند رہنے کا اندیشہ ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ سسٹم کی مانیٹرنگ جاری ہے، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ ان دنوں گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں کیوں کہ سمندری سفر نہایت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔