
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے ایم ڈی کیٹ امتحان کا شیڈول جاری کردیا گیا، پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ امتحان 26 اکتوبر کو ہو گا، ایم ڈی کیٹ امتحان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام صوبے کے 12 شہروں میں لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق رواں برس پنجاب میں 50 ہزار 458 اُمیدواروں نےایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے رجسٹریشن کروائی ہے، یو ایچ ایس اور محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کی تیاریاں تیز کر دیں۔
محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے 12 اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو ایم ڈی کیٹ امتحان کی تیاریوں کیلئے مراسلہ جاری کردیا۔
مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ امتحان کے دن لاہور سمیت صوبے کے 12 شہروں میں 26امتحانی مراکز پر ہائی الرٹ رہے گا، امتحان کے دوران ریسکیو 1122، نادرا، محکمہ صحت، ٹریفک پولیس اور سکیورٹی اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی بورڈ نے پری انجینئرنگ 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا
یو ایچ ایس کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو ٹیسٹ والے دن امتحانی مراکز پر دفعہ 144 کے نفاذ کیلئے درخواست دے دی گئی جبکہ امتحانی عملے کی تعیناتی کیلئے محکمہ ہائر ایجوکیشن اور محکمہ سکول ایجوکیشن کو بھی مراسلہ جاری کردیا گیا۔
علاوہ ازیں امتحانی مراکز پر سخت سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال کیلئے آئی جی پنجاب کو بھی مراسلہ ارسال کردیا گیا، ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے حوالے سے یو ایچ ایس میں بھی تیاریاں جاری ہیں جبکہ امتحان کے شفاف انعقاد کے لیے سینئر فیکلٹی کو ڈیوٹیاں تقویض کردی گئیں۔



