کوئٹہ میں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھا جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق کوئٹہ اور گردونواح میں شام ساڑھے 6 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ صفر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز کوئٹہ شہر میں 65 کلو میٹر دور مغرب کی جانب تھا جبکہ زلزلے کی گہرائی 25 کلو میٹر زیرِ زمین تھی۔

زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں ، دکانوں اور عمارات سے باہر نکل آئے۔

مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ جھٹکے چند سیکنڈ تک جاری رہے جن کے باعث گھروں کی دیواروں اور چھتوں سے چیزیں گرنے لگیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان کے مطابق زلزلے کے باعث خوش قسمتی سے کسی بھی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ سے مکمل رابطے میں ہیں، ضلعی انتظامیہ کسی بھی قسم کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ پر ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زلزلے کے وقت پرسکون رہیں، عمارت سے باہر کھلی جگہ کا رخ کریں اور ہنگامی صورتحال کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

ماہرین ارضیات کے مطابق اس خطے میں زلزلوں کی بڑی وجہ زمین کی پلیٹوں کی حرکت ہے کیونکہ یہاں ہمالیائی اور یوریشین پلیٹس آپس میں ٹکرا رہی ہیں، ان ٹکراؤ کے باعث زمین کے اندر دباؤ بڑھتا ہے اور اچانک انرجی خارج ہونے سے زلزلے آتے ہیں۔