خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں جمعے کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے
ابتدائی معلومات کے مطابق یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 17 منٹ پر آیا/ فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں جمعے کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جنہوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کردیا۔ گھروں اور دفاتر میں بیٹھے افراد کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے کھلے میدانوں اور سڑکوں پر نکل آئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 17 منٹ پر آیا۔ اس وقت دفاتر اور تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں شروع ہو چکی تھیں جس کے باعث شہری بڑی تعداد میں عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ پشاور شہر کے علاوہ چترال اور سوات میں بھی جھٹکے نمایاں طور پر محسوس کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار،ائیرکوالٹی انڈیکس کیا؟

زلزلہ پیما مرکز نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 195 کلومیٹر تھی۔ ماہرین کے مطابق گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے جھٹکوں کی شدت کچھ کم ہوگئی، بصورت دیگر نقصان زیادہ ہوسکتا تھا۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش ریجن میں تھا جو خطے میں زلزلوں کے حوالے سے ایک حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے۔
چترال اور سوات کے مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ جھٹکے چند سیکنڈ تک جاری رہے جن کے باعث گھروں کی دیواروں اور چھتوں سے چیزیں گرنے لگیں۔ کچھ مقامات پر دکانوں میں سامان ہلنے اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو حکام کے مطابق اب تک کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا جبکہ ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی اسٹاف کو متحرک کر دیا گیا تاکہ کسی ناخوشگوار صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا سکے۔
ماہرین ارضیات نے کہا ہے کہ کوہ ہندوکش کا علاقہ کئی فالٹ لائنز پر واقع ہے جہاں اکثر درمیانے اور بڑے درجے کے زلزلے آتے رہتے ہیں۔ اسی وجہ سے پاکستان کے شمالی اور مغربی علاقے اس خطے کے زیر اثر رہتے ہیں۔ گزشتہ چند برسوں میں بھی اس علاقے سے کئی زلزلوں کی اطلاعات موصول ہو چکی ہیں۔