لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار،ائیرکوالٹی انڈیکس کیا؟
Lahore air pollution
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ایک بار پھر فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کے بدترین شہروں میں سب سے آگے نکل گیا۔

حالیہ اعداد و شمار کے مطابق لاہور کا ائیرکوالٹی انڈیکس (AQI) 185 ریکارڈ کیا گیا، جو انسانی صحت کیلئے انتہائی خطرناک سطح ہے۔ اس طرح لاہور فضائی آلودگی میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

فضائی آلودگی کے لحاظ سے بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکہ دوسرے جبکہ انڈونیشیا کا شہر جاکرتا تیسرے نمبر پر ہے۔

رپورٹس کے مطابق موسم سرما کے آغاز سے قبل ہی لاہور میں اسموگ اور دھوئیں کی شدت بڑھنے لگی ہے جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

طبی ماہرین کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ لاہور کی موجودہ فضا سانس لینے کیلئے مہلک ہے اور یہ خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ اس سطح کی آلودگی آنکھوں میں جلن، سانس لینے میں دشواری اور دل کے امراض میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو موسم سرما کے دوران اس کے سنگین اور جان لیوا نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کو صنعتی اخراج، گاڑیوں کے دھوئیں اور کھیتوں میں باقیات جلانے پر سخت کنٹرول کرنا ہوگا تاکہ آلودگی کی شدت کو کم کیا جا سکے۔

لاہور کی یہ صورتحال نہ صرف ماحولیاتی خطرہ ہے، بلکہ عوامی صحت کیلئے بھی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔