پنجاب ای-ٹیکسی اسکیم کیلئے درخواستوں کا عمل مکمل
پنجاب حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ای-ٹیکسی اسکیم 2025 کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل مکمل ہوگیا ، اب امیدوار قرعہ اندازی کی تاریخ کے منتظر ہیں۔
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک)پنجاب حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ای-ٹیکسی اسکیم 2025 کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل مکمل ہوگیا ، اب امیدوار قرعہ اندازی کی تاریخ کے منتظر ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی ای-ٹیکسی اسکیم 2025 کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور اب امیدوار ای-بلٹنگ کے اعلان کے منتظر ہیں۔

حکومتی ترجمان کے مطابق یہ منصوبہ پنجاب کے صاف،سبز اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم کی جانب ایک بڑا قدم ہے، یہ اسکیم حکومت کے ماحولیاتی تحفظ،خواتین کے بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے وژن کا حصہ ہے۔

ای-ٹیکسی اسکیم کے تحت حکومت اہل شہریوں کو بلا سود قرضے فراہم کرے گی تاکہ وہ الیکٹرک گاڑیاں خرید کر انہیں کمرشل استعمال میں لا سکیں، اسکیم کے ذریعے نا صرف شہری آلودگی میں کمی لانے کا ہدف رکھا گیا ہے بلکہ خواتین کے لیے خصوصی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاسود آسان اقساط پر موٹرسائیکل حاصل کرنے کا سنہری موقع

حکام کے مطابق درخواستوں کی تعداد اگر دستیاب گاڑیوں سے زیادہ ہوئی تو شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ای-بیلٹنگ کا انعقاد کیا جائے گا تاہم سرکاری طور پر ای-بیلٹنگ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا ۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس حوالے سے تفصیلات حکومت کے سرکاری ذرائع سے جاری کردی جائیں گی۔