
ذرائع کے مطابق قصور میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ ایک ہزار کیوسک ہو گیا، پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے سے متعدد دیہاتوں کے زمینی راستے منقطع ہو گئے جبکہ آمد و رفت شدید متاثر ہے، سیلابی پانی کے قصور کے دیہاتوں حاکو والا، کالو واڑا اور بھکی ونڈ الا کے اور جمعے والا دیہاتوں میں داخل ہو گیا۔
سیلابی صورتحال کے باعث دھوپ سڑی، نگر ایمن پورہ، مستے کی گٹی اور کلنجر گاؤں کے راستے بھی بند ہو گئے، سیلاب متاثرین میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ہیڈ گنڈا سنگھ پر پانی کی سطح خطرناک حد 20 فٹ سے بھی تجاوز کر گئی ہے لیکن متاثرہ علاقوں میں تاحال انتظامیہ کی جانب سے کوئی ریلیف اقدامات نہیں کیے گئے۔
دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی( پی ڈی ایم اے )پنجاب نے دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب بارے الرٹ جاری کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے ستلج میں پانی کی سطح مزید بلند، سیکڑوں دیہات زیر آب آنے کا خدشہ
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آئندہ 2 روز میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کا امکان ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، دریائے ستلج اور راوی میں پانی کے بہاؤ کا انحصار بھارتی آبی ذخائر سے اخراج پر ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، محکمہ صحت آبپاشی ، تعمیر و مواصلات ، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔



