تحریک انصاف کا کوئٹہ میں بڑا جلسہ کرنے کا اعلان
PTI Quetta rally
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک مرتبہ پھر عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کیلئے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بڑے جلسے کا اعلان کر دیا۔

پارٹی رہنماؤں کے مطابق یہ جلسہ 7 نومبر کو کوئٹہ ہاکی گراؤنڈ میں منعقد ہوگا، جس میں مرکزی قیادت بھی شریک ہوگی۔

صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بلوچستان داؤد شاہ کاکڑ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ جلسے کی اجازت کیلئے عدالتوں سے بھی رجوع کیا جائے گا تاکہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ بلوچستان کے عوام کے حقوق، صوبے کے امن و امان اور سیاسی آزادی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

داؤد شاہ کاکڑ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں بلوچستان کے عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ان کے حقیقی مسائل اجاگر کرنے کیلئے میدان میں اُتر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:این اے 120 سے مقامی رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت

 

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے متعدد کارکنوں کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کیے گئے، مگر ہم اپنے حقوق کیلئے قانونی اور جمہوری راستہ اپنائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ملک بھر میں جلسوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوامی شعور بیدار کیا جا سکے، کوئٹہ کا جلسہ تاریخی ثابت ہوگا اور عوام کی بڑی تعداد اپنی قیادت سے اظہارِ یکجہتی کیلئے شریک ہوگی۔