ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی ڈویژن کے لئے ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹوکا باقاعدہ آغاز کر دیا۔
فوٹو بشکریہ سی ایم میڈیا سیل
چکوال:(ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے راولپنڈی ڈویژن کے لئے ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹوکا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ فیز سکیم فیز کے افتتاح کے سلسلے میں چکوال یونیورسٹی پہنچیں جہاں طلباء نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا اور نشستوں سے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں ، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف طلباء کے درمیان بیٹھ گئیں اور بات چیت کی۔

یونیورسٹی آف چکوال میں منعقدہ تقریب کے دوران ہر طالبعلم وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ساتھ سیلفی بنانے کے لئے پرجوش دکھائی دیا، یونیورسٹی کے سپیشل طالب علم نے پیانو پر قومی ترانے کی دھن پیش کی جس پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اسے خصوصی انعام دیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے طلباء کو شاندار گارڈ آف آنر پیش کیا،طالبہ اریدا اختر اور عمار خالد نے لیپ ٹاپ سکیم اور ہونہارسکالر شپ کے بارے میں انتہائی جذباتی انداز میں اپنے تاثرات بیان کیے، تقریب میں لیپ ٹاپ سکیم کے ارتقا کے بارے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے طلبہ اور طالبات کو ہونہار سکالر شپ کے چیکس اور لیپ ٹاپ پیش کیے جبکہ طلباء نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور انہیں ماں جیسی قرار دیا، مریم نواز نے ڈپٹی کمشنر چکوال سارہ حیات کو سٹیج پر بلا کر سراہا اور بچیوں کے لئے رول ماڈل قرار دیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کو لیپ ٹاپ سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فیز ون میں 40 ہزار طلباء کو کو ر آئی سیون تھرٹین جنریشن لیپ ٹاپ دیئے گئے، فیز ٹو میں 33 ہزار 311طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کی ماحول دوست الیکٹرک وہیکل سکیم کا آغاز

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری یونیورسٹیز، کالجز، میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے طلباء کو میرٹ پر سکالر شپ دیئے جارہے ہیں، ہونہار سکالر شپ پروگرام کے فیز ون میں 30 ہزار سکالر شپس دیئے گئے، بی ایس تھرڈ اور آٹھویں سمسٹر، ایم بی بی ایس کے دوسرے تا پانچویں سمسٹر کے طلباء کو فیز ٹو میں 20ہزار سکالر شپ دیئے جائیں گے۔

حکام نے بتایا کہ ہونہار سکالرشپس کے لئے ایک لاکھ 53 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، تصدیق شدہ ایک لاکھ 30 ہزار میں سے 20 ہزار طلباء کو میرٹ کے مطابق سکالر شپ دیئے جائیں گے، ہونہار سکالر شپ فیز تھری میں آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے طلباء کو بھی سکالرشپ دیئے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے 11 ہزار 510،بلوچستان کے 4 ہزار 763، آزاد جموں کشمیر کے ایک ہزار 544 اورگلگت بلتستان ایک ہزار 338 طلباء کو سکالر شپ دیئے جائیں گے ،لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور لیہ میں ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم کے لئے تقریب منعقد ہوچکی ہے، راولپنڈی ڈویژن کے 2 پزار 535 طلباء کو لیپ ٹاپ ملیں گے۔

اسی طرح پبلک سیکٹر یونیورسٹی کےایک ہزار 888 طلباء، سرکاری کالجز کے 207 طلباء اور میڈیکل یونیورسٹی کے 440 طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے، راولپنڈی ڈویژن میں 3 کروڑ 22 لاکھ مالیت کے 886 سکالر شپ دیئے جائیں گے، سرکاری یونیورسٹی کے 803 طلباء کو 2 کروڑ 97 لاکھ روپے کے سکالر شپ ملیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کم آمدن والوں کیلئے آسان ہاؤسنگ فنانس سکیم متعارف

حکام کے مطابق سرکاری کالجز کے 52 طلباء کو 7 لاکھ روپے کے سکالر شپ دیئے جائیں گے، میڈیکل کالج کے 31 طلباء کو 2 کروڑ 97 لاکھ روپے کے سکالر شپ دیئے جائیں گے، راولپنڈی کی پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی ویمن یونیورسٹی اور راولپنڈی میڈیکل کالج کے طلباء کو ہونہار سکار شپ دیئے جارہے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا ، چکوال یونیورسٹی اور کوہسار یونیورسٹی کے طلباء کو سکالر شپ ملیں گے، راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے سرکاری کالجز کے طلباء کو بھی سکالر شپ دیئے جا ئیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم فیز ٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران طلباء کو اگلے سال 80 ہزار سکالر شپ دینے اور پورے پنجاب میں سکول آف ایمینس بنانے کا اعلان کیا جبکہ یونیورسٹی اور کالجز میں طلباء کے لئے گاڑیوں کا بندوبست کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ طلباء کے درمیان دوبارہ آنے پر بہت خوش ہوں، سب طلباء، ہونہارسکالرز اورلیپ ٹاپ ونرز کو بہت مبارکبا دیتی ہوں، طلباء کے والدین، فیملیز اور اساتذہ کو بھی مبارکباد ہو،جتنے طلباء کے والدین اور اساتذہ خوش ہیں اس سے کہیں زیادہ مجھے خوشی ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ اور سکالر شپ طلبہ پر احسان نہیں بلکہ طلبہ کا حق ہے، طلباء نے محنت کی اس لیے فخر اور سر اٹھا کر سکالر شپ لینا چاہیے، ہونہار سکالر شپ کی تقریب چکوال رکھنے کا فیصلہ میں نے خود کیا، میرے بس چلے تو پنجاب کے تمام طلباء کو اپنے ہاتھ سے سکالر شپ دوں۔

اس کو بھی پڑھیں: حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بلاسود قرضوں کا اعلان

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال30 ہزار طلباء میں سکالر شپ تقسیم کیے تھے، والدین وسائل کی کمی کے باوجود اپنے بچوں کی کامیابی کے لئے دن رات محنت کرتے ہیں، بچوں کی فلاح و ترقی والدین سے زیادہ ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے،پنجاب میں اب بھی بہت سے بچے قابل اور محنتی ہیں جو آگے بڑھنا چاہتے ہیں، دعا کریں اللہ وسائل دے تو تمام بچوں کو ریاست کرےگی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام وسائل کو طلباء کے خوابوں کو پورے کرنے کے لئے صرف کر دیں گے، سکالر شپ میں لڑکیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے،ایسے خاندان سے تعلق رکھتی ہوں جو مشرقی روایات پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر میں والد اور چچا کے مابین سیاست کی باتیں ہی ہوتی رہتی تھیں، میں نے 2011 سے باقاعدہ سیاست شروع کی اور 2024 ء میں پہلا الیکشن لڑا، والد ین پر مشکلات آئیں تو بیٹیاں جان نچھوار کرنے کے لئے تیار ہوتی ہیں، تب میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنے والد کا کبھی ساتھ نہیں چھوڑوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے بغیر کسی جرم و قصور کے جیل بھیجا گیا، اڈیالہ کے سیل میں پتا چلا کہ میری والد محترمہ انتقال کر گئی ہیں، اچھے وقت میں انسان کچھ نہیں سیکھتا، مشکلات وقت انسان کو سب کچھ سیکھا دیتا ہے، میرے عزم ہے اپنی تمام بچیوں اور بچوں کا ہاتھ تھام لوں۔

یہ بھی دیکھیں: خواتین کیلئے پنک ٹیکسی اسکیم متعارف کرانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے حلف لینے سے پہلے پنجاب میں کرائم کی شرح انتہائی بلند تھی، حکومت میں جب آئے تو روزانہ خواتین کو ہراسانی اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کثیر تعداد میں رپورٹ ہوتے تھے، اب سی سی ڈی کے قیام کے بعد پنجاب میں کرائم کی شرح کم ہورہی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسا پنجاب بنانے چاہتے ہیں جہاں ایک خاتون محفوظ زندگی بسر کر سکے، بچو کسی سے الجھنے کی ضرورت نہیں اپنی پڑھائی کی طرف پوری توجہ کرو،حلفاً کہتی ہوں کسی کی بھی سفارش قبول نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ ملے ہیں اور ملنے جارہے سب میرٹ کی بنیاد پر دے رہے ہیں، طلبہ کو سفارش یا سیاسی وابستگی پر نہیں صرف میرٹ پر سکالر شپ ملا، سکالر شپس اور لیپ ٹاپس کی بدولت تمام طلباء ترقی کے میدان میں پرواز کرسکوگے، لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالر شپ طلبہ کی پرواز کے لیے ونگز ہیں۔