حکومت کی ماحول دوست الیکٹرک وہیکل سکیم کا آغاز، سرکلر جاری
حکومت کی ماحول دوست الیکٹرک وہیکل اسکیم کا آغاز ہو گیا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سرکلر جاری کردیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) حکومت کی ماحول دوست الیکٹرک وہیکل اسکیم کا آغاز ہو گیا، اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سرکلر جاری کردیا۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ حکومت ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں آسان قرضوں پر فراہم کرے گی ، سرکاری اسکیم کے تحت 3 ہزار 170 الیکٹرک رکشے بھی آسان قرض پر فراہم کیے جائیں گے۔

سرکلر میں بتایا گیا کہ سرکاری اسکیم کے پہلے مرحلے میں 40 ہزار الیکٹرک بائیکس اور ایک ہزار الیکٹرک رکشے ملیں گے، سرکاری اسکیم سے دوسری بار 76 ہزار الیکٹرک موٹر سائیکلیں اور 2 ہزار 171 الیکٹرک رکشے فراہم کیے جائیں گے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق الیکٹرک موٹر سائیکل پرقرض کی حد 2لاکھ روپے اور سبسڈی 50 ہزار روپے ہو گی ، الیکٹرک رکشے پر قرض کی حد 8 لاکھ 80 ہزار روپے اور سبسڈی 2 لاکھ روپے ملے گی۔

اعلامیہ میں مزید بتایا گیا کہ مشترکہ مالیاتی اسکیم سے خریدار کو 20 فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہو گی ، مشترکہ مالیاتی اسکیم کے ذریعے الیکٹرک موٹرسائیکل اور الیکٹرک رکشہ پر سود نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: خواتین کیلئے مفت الیکٹرک سکوٹی اسکیم، اہلیت اور اپلائی کا طریقہ جانیے

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت کی جانب سے کم آمدن والوں کے کیلئے ہاؤسنگ فنانس سکیم بھی متعارف کرائی گئی تھی۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ قرض کی مالیت 20 سے 35 لاکھ روپے ہو گی، قرض 20 سال کے لئے اور قرض پر سبسڈی 10 سال کے لئے ہو گی، قرض کی فراہمی تمام بینکوں، مائیکرو فنانس اور ایچ بی ایف سی کے ذریعے ہوگی۔

سٹیٹ بینک کے مطابق بینک قرض کی پرائسنگ کائی بور پلس تین فیصد شرح سود پر کریں گے، صارف کو 20 لاکھ قرض فراہمی 5 فیصد اور 35 لاکھ قرض 8 فیصد پر فراہم ہو گا، بینک قرض درخواستوں کی کوئی پروسیسنگ چارجز وصول نہیں کریں گے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری سرکلر میں مزید کہا گیا تھا کہ پہلی دفعہ گھر خریدنے والے قرض لینے کے اہل ہوں گے۔