صائم ایوب نے ٹی 20 کرکٹ کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا
قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز صائم ایوب نے ٹی 20 کرکٹ کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز صائم ایوب نے ٹی 20 کرکٹ کا ناپسندیدہ ریکارڈ برابر کردیا۔

ایشیا کپ میں مسلسل ناکامیوں کا منہ دیکھنے والے بلے صائم ایوب کا بیٹنگ نمبر تبدیل کرنے کے باوجود ان کی فارم بحال نہ ہو سکی اور مسلسل ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

آج دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں بھی صائم ایوب ایک بار پھر بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، رواں ٹورنامنٹ میں وہ چوتھی مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں۔

صائم ایوب نے ایونٹ کے آغاز میں عمان، بھارت اور متحدہ عرب امارات کے خلاف مسلسل صفر پر آؤٹ ہو کر ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی تاہم بھارت کے خلاف سپر فور کے میچ میں انہوں نے 21 رنز سکور کیے تھے جبک اس کے بعد سری لنکا کے خلاف صائم صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی نے بھارتی کپتان کو آئندہ سیاسی بیان بازی سے روک دیا

آج سپر فور کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف بھی صائم ایوب نے بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو کر رواں برس 6 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا بدترین ریکارڈ برابر کردیا۔

اس سے پہلے ٹی 20 کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ 6 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ زمبابوے کے رچرڈ نگاراوا کے پاس تھا جو انہوں نے 2024 میں بنایا تھا۔

یہ بھی واضح رہے کہ صائم ایوب کا پاکستان کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرا نمبر ہے، پاکستان کے عمر اکمل ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوئے ہیں اور صائم ایوب 9 مرتبہ بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ چکے ہیں۔