بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی
بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل ہو جائیں ہوشیار خبر دار کیونکہ اب کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل ہو جائیں ہوشیار خبر دار کیونکہ اب کسی صورت معافی نہیں ملے گی۔

پولیس آپریشن ونگ کی جانب سے جاری ایک وائرلیس میسج کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو تھانوں میں بند کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ۔

وائرلیس میسج میں کہا گیا کہ ہر تھانے کا ایس ایچ او اور چوکی انچار ج روزانہ 50، 50 موٹر سائیکلیں تھانوں اور چوکی میں بند کروائے گا، موٹرسائیکل تھانے لے جا کر ای ٹیگ لگوا کر بند کی جائے ، 134 ت ۔ پ میں ای ٹیگ لگوا کر موٹرسائیکلیں تھانوں میں بند کی جائیں۔

آپریشن ونگ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ ہیلمٹ لے کر آنے والے کی تصویر موٹرسائیکل کے ساتھ بنا کر پھر چھوڑا جائے ۔

پولیس افسران کی جانب سے نئے حکم نامے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

دوسری جانب اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کیلئے ڈیڈ لائن مقرر

اس حوالے سے شہریوں کو یکم اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے تاکہ وہ اپنے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں یا تجدید کروا لیں۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) اسلام آباد حمزہ ہمایوں کی جانب سے واضح کیا گیا کہ یکم اکتوبر کے بعد لائسنس کے بغیر گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والوں کیخلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ گاڑیاں بند کی جائیں گی اور ڈرائیورز کو گرفتار بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کارروائی بلاتفریق ہوگی اور کسی شہری کو رعایت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ کسی بھی طبقے یا عہدے سے تعلق رکھتا ہو۔

سی ٹی او نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کے بہتر نظم و ضبط کیلئے اٹھایا جا رہا ہے، بغیر لائسنس ڈرائیونگ نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کی بڑی وجہ بھی بنتی ہے۔